اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں ان کی مثال نہیں ملتی، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر بن رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر سے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ نئے شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ثناء میر سامنے آئیں۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے اعلان کیا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باضابطہ آغاز 26 اور 27 جون کو کوئٹہ سے کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام ان لوگوں کے لیے واضح پیغام ہے جو پاکستان کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔ پروگرام کے تحت ہر صوبے سے میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت نوجوان منتخب کیے جائیں گے، جنہیں “پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام” کے تحت تربیت، گرومنگ اور بین الاقوامی ایکسپوژر فراہم کیا جائے گا۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل یوتھ ہب، اسکالرشپس، روزگار اور دیگر شعبوں میں بھی نوجوانوں کو مساوی مواقع دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی پہلی نیشنل ایڈولیسنس اینڈ یوتھ پالیسی بھی جلد نافذ العمل ہونے جا رہی ہے، جو ملک میں قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دے گی۔
رانا مشہود نے بتایا کہ کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں لاہور قلندرز نے ہمارے ساتھ شراکت داری کی، جس کے ذریعے گراس روٹ سطح سے باصلاحیت نوجوانوں کی تلاش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی لاہور قلندرز ہے جس نے گزشتہ چار سال میں تین مرتبہ پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کی ہے۔