لاہور، 14 جون ( اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران رانا مشہود احمد خان نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے سے متعلق مختلف جاری اقدامات پر وزیرِاعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔دوران ملاقات وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جبکہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرکے با اختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں ملکی ترقی کے عمل میں متحرک شراکت دار بنانے کے لیے مزید منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کی- انکا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اور جدید ہنر و ٹیکنالوجی کی تربیت یقینی بنا رہے ہیں۔











