موجودہ حکومت نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، دانیال چوہدری

1

 اسلام آباد،14 جون (اے پی پی ):پارلیمانی سیکرٹری دانیال چوہدری نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس 2025-26 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی ملک ہے جس کے بارے میں بعض جماعتوں کے رہنما یہ کہتے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کے قریب ہے، اور آج وہی افراد بجٹ پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنقید اس امر کا ثبوت ہے کہ ملک بہتری کی طرف گامزن ہے اور معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج گروتھ، اکنامک پالیسی اور ریفارمز کی بات کر رہے ہیں، وہ اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ پاکستان کی موجودہ حالت ماضی کے مقابلے میں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک جب موجودہ حکومت کو ملا تھا تو بحرانوں میں گھرا ہوا تھا، لیکن اب ہم نے اسے بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔دانیال چوہدری نے کہا کہ جب دشمن ملک نے پاکستان پر حملہ کیا تو افواج پاکستان اور پوری قوم متحد ہو کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند اس کے سامنے کھڑی ہوئی، جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی تمام صوبوں کی یکجہتی سے ممکن ہے اور تمام صوبے پاکستان کا فخر اور جھومر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ ایک ایکسپورٹ لیڈ بجٹ ہے، جس میں صارفین کی فلاح، روزگار کے مواقع کی فراہمی، اور ایف بی آر کی محصولات میں اضافے کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی ہمیشہ حکومت کی ترجیح رہی ہے، اور کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ اس ضمن میں دو ہزار ملین روپے پاسکو کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔دانیال چوہدری نے کہا کہ تنقید ضرور ہونی چاہیے لیکن وہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا کیونکہ ملک ہے تو سیاست ہے اور اسی سے سب کی شناخت جڑی ہوئی ہے۔