لاہور، 19 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں کلینک آن ویل فیز ٹو منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا خواب تھا کہ ہر غریب کو اُس کے گھر کی دہلیز پر فوری اور مفت علاج فراہم کیا جائے، جو آج حقیقت بن چکا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کی خدمت کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار حکومت میں نواز شریف اور شہباز شریف نے عوامی فلاح و بہبود، خاص طور پر شعبہ صحت میں حقیقی اقدامات کیے جبکہ شہباز شریف کے بعد چار سال تک پنجاب کے عوام صحت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات نہ ملنے پر سڑکوں پر آنا پڑا، مگر اب نہ صرف کینسر بلکہ ہیپاٹائٹس، دل کے امراض، انسولین اور دیگر دوائیں دو دو ماہ کی ڈوز کی صورت میں مریضوں کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک کلینک آن ویل کے ذریعے ایک کروڑ سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جا چکا ہے،اور منصوبے کا دائرہ پورے پنجاب میں پھیلایا جا رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ فیز ٹو میں مکمل اے سی والی گاڑیاں فراہم کی گئیں ہیں تاکہ مریضوں کو موسم کی شدت سے بچایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے سرکاری اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خود میو اسپتال میں جا کر پرچی بنوا کر علاج کروایا، ایم آر آئی اسکین کروایا اور انجیکشن لگوایا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں اب ہر مریض کو مہنگی سے مہنگی دوائیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور نئے بجٹ میں صحت کی سہولیات کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کلینک آن ویل گاڑیوں میں زچہ و بچہ کے علاج، معمولی میڈیکل پروسیجرز، بلڈ پریشر،ذیابیطس اور دیگر امراض کی سہولیات موجود ہیں۔ جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کا شکار بچوں کا علاج بھی اس نظام کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاست نے خدمت کا امتحان پاس کر لیا ہے اور اب کوئی بھی ڈاکٹر مریضوں کو باہر سے ادویات تجویز نہیں کر سکتا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ لاہور میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے قیام کا منصوبہ زیر تکمیل ہے، جہاں ہڈیوں، بچوں، خون کی بیماریوں اور بون میرو سمیت دیگر بیماریوں کے لیے الگ اسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ مریم نواز نے سیالکوٹ کے حالیہ ضمنی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنی رائے دے دی ہے کہ وہ خدمت پر یقین رکھتے ہیں، اور یہ کہ حکومت کی کارکردگی کو عوامی اعتماد حاصل ہو چکا ہے۔