رکن قومی اسمبلی میر منور علی تالپور کا بجٹ اجلاس 2025-26 میں اظہار خیال: افواجِ پاکستان کو خراج تحسین، ٹیکس میں ریلیف اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے پر زور

1

اسلام آباد، 19 جون )اے پی پی):رکن قومی اسمبلی میر منور علی تالپور نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 2025-26 کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کے جذبے، قربانیوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور عوام کے حوصلوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔

میر منور علی تالپور نے خطاب کے دوران فلسطین میں جاری جارحیت کی شدید مذمت کی۔انہوں نے بجٹ میں سولر سسٹمز پر عائد ٹیکس کو فوری طور پر واپس لینے کی تجویز دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکس غریب طبقے پر بوجھ ہے، اور اس کے خاتمے سے نچلے طبقے کے عوام کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔ اسی طرح انہوں نے چھوٹی گاڑیوں پر عائد ٹیکسز کو بھی ختم کرنے کی تجویز دی تاکہ عام شہریوں کی مالی مشکلات میں کمی ہو۔

تنخواہوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کی تجویز پیش کی تاکہ مہنگائی کے تناظر میں عوام کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ میر منور علی تالپور نے سندھ کے مختلف علاقوں میں جاری لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کی جانب بھی توجہ دلائی اور اس کے فوری حل کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔