اسلام آباد، 19 جون )اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقلیتیں اس ملک کے سر کا تاج ہیں، اور یہ ملک اقلیتوں کو عزت، وقار اور روزگار فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتیں اس دھرتی کے بیٹے ہیں اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ اس وطن کا حصہ ہیں۔
کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ حکومت پاکستان مندروں، گرجا گھروں اور گردواروں کی تعمیر، مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے فنڈز مختص کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اقلیتوں کی بہبود، بچوں کی تعلیمی اسکالرشپ اور سماجی ترقی کے لیے بھی خاطر خواہ مالی وسائل مختص کرتی ہے، جو کہ مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ریاست نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین اور قانون تمام شہریوں کو برابر کا تحفظ فراہم کرتا ہے، اور ملک میں اقلیتوں کے ساتھ کسی قسم کی جبر و زیادتی کی اجازت نہیں دی جاتی۔
کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ اگر اقلیتوں کو کوئی مسائل درپیش ہیں تو حکومت ان کے حل کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور ان کی شمولیت کو قومی ترقی کا اہم حصہ سمجھتی ہے۔