پاک بھارت جنگ کے دوران  مسلح افواج نے جو کردار ادا کیا وہ مبارکباد کی مستحق اور لائق تحسین ہے:  رکن قومی اسمبلی غلام علی تالپور

2

اسلام آباد، 19جون(اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی غلام علی تالپور نے بروز جمعرات بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں کامیابی پر مسلح افواج نے جو کردار ادا کیا وہ مبارکباد اور تحسین کا مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔ اسی طرح شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی۔

بعد میں آنے والی حکومتوں نے ایٹمی پروگرام اورمیزائل ٹیکنالوجی کو آگے بڑھایا اور اب ملک مکمل دفاعی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر اور متوازن بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا تھا تاہم جلد سے جلد ہمیں آئی ایم ایف پروگرام سے نکلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت ملک کے پسماندہ ضلعوں کے لیے ترقیاتی فنڈز رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس بہتر ہو سکے۔