نیشنل پیس فیسٹیول 2025، اہم موضوعات پرگفتگو

49

اسلام آباد،19 جون (اے پی پی):نیشنل پیس فیسٹیول 2025 کے دوسرے روز نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں تعلیم، صنفی مساوات، بین المذاہب مکالمے اور ڈیجیٹل آگاہی کے بارے میں گفتگو کے ساتھ جامع امن سازی کے اہم موضوعات پر بحث کی گئی۔

شعور فاؤنڈیشن فار ایجوکیشن اینڈ اویئرنس (SFEA) کے زیر اہتمام، اس تقریب میں ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں، اور کمیونٹی رہنماؤں نے پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد مختار نے مہارت پر مبنی تعلیم کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی اور تنقیدی سوچ کی مہارتیں فراہم کر کے تعلیمی ادارے نوجوانوں کو مؤثر فیصلے کرنے اور انتہا پسندانہ نظریات کے خلاف مزاحمت کرنے کا اختیار دے سکتے ہیں۔

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ قائدانہ عہدوں پر خواتین کی فعال شرکت بامعنی تبدیلی لا سکتی ہے،مساوات اور سماجی ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دے سکتی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ثقلین تجمل نے آن لائن انتہا پرستی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر روشنی ڈالی، اس سے نمٹنے کے لیے ایجنسی کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی کی مہمات اور ٹیک پلیٹ فارمز کے ساتھ اشتراک سے آن لائن محفوظ جگہیں پیدا کرنے، کمزور افراد کو انتہا پسندانہ نظریات سے بچانے اور زیادہ محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔