لاہور، 20 جون (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے پنجاب حکومت نے بڑا اقدام اٹھا لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر صوبے بھر میں چھ سو الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جبکہ دو ہزار مقامات پر الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت و ٹرانسپورٹ کے سیکرٹریز،سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور ڈی جی ایل ڈی اے نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز اور بس ڈپو کے لیے موزوں مقامات کی فوری نشاندہی کریں تاکہ منصوبے پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ زاہد اختر زمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے کے تمام شہروں میں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیات کے تحفظ میں مدد دے گا بلکہ شہریوں کو معیاری اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔
اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورلوڈنگ کے خلاف فوری مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زور دیا کہ گورننس اور صحت کے شعبے کی بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے شاندار انتظامات حکومت کی کارکردگی کا عملی مظہر ہیں، اور اضلاع میں صفائی کے اس معیار کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامی افسران کو مسلسل محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے محکمہ ریونیو میں کرپشن کے خاتمے کو ڈپٹی کمشنرز کی بنیادی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن ختم ہونے سے عوام کو براہ راست ریلیف حاصل ہو گا۔ ساتھ ہی انہوں نے اراضی ریکارڈ کی جلد از جلد کمپیوٹرائزیشن کی ہدایت بھی جاری کی۔ چیف سیکرٹری نے آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔