صوبے کے طلباء کے لیے بڑی خوشخبری،جنوبی کوریا میں 70 فیصد اسکالرشپ پر ڈپلومہ پروگرامز کا آغاز

1

لاہور، 20 جون (اے پی پی):وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے صوبے کے طلباء کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری سنا دی۔ اب پنجاب کے نوجوان طلباء جنوبی کوریا کی عالمی معیار کی تنگوان یونیورسٹی میں 70 فیصد اسکالرشپ پر دو سالہ ڈپلومہ پروگرامز میں داخلہ لے سکیں گے۔ وزیر تعلیم کے مطابق پنجاب حکومت اور جنوبی کوریا کے درمیان فنی کورسز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو چکے ہیں۔ اس کے تحت ویلڈنگ، الیکٹریکل، آٹو موبائل انجینئرنگ، سافٹ ویئر، فوڈ، بیوٹی، سوشل ورک سمیت دیگر ڈپلومہ کورسز پیش کیے جائیں گے۔ رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ دورانِ تعلیم طلباء کو کوریا میں اچھی تنخواہ والی جز وقتی ملازمت کا موقع ملے گا، جبکہ کورس مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ روزگار کی پرکشش پیشکش بھی کی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ طلباء کو کورین زبان سکھانے کے لیے پنجاب کے ہر ضلع میں کورین لینگویج سنٹر قائم کیا جائے گا، تاکہ انہیں کوریا میں تعلیم اور روزگار کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس اقدام کے تحت جنوبی کوریا نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی 20 طالبات کو مکمل اسکالرشپ پر سپانسر کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔ رانا سکندر حیات نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پنجاب حکومت مستقبل میں فارن اسکالرشپس کے مزید مواقع بھی طلباء کیلئے فراہم کرنے جا رہی ہے، تاکہ نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں۔