اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے صاحبزادے اسجد محمود پر حملے اور انکو اغوا کرنے کی ناکام کوشش پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ناکام حملے میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کے احکامات جاری کیے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف جمعیت علمائے اسلام ف کے صدر مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر گئے۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے صاحبزادے اسجد محمودپرحملے اور انکو اغوا کرنے کی ناکام کوشش پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا، اور انکی خیریت دریافت کی۔وزیر اعظم نے اس ناکام حملے میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کے احکامات جاری کیے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہء خیال بھی کیا گیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔