اسلام آباد، 23 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی بہتری اور ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی تجاویز کے ساتھ آنا چاہیے جن سے بجٹ کو زیادہ بہتر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کےماحول کو بہتر بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے بجٹ کے حوالے سے اپوزیشن کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پوری دنیا نے ہماری جیت کا جشن منایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری باہمی چپقلش سے نقصان کسی فرد واحد کا نہیں بلکہ ملک اور قوم کا ہوگا اس لیے ہمیں مل کر ملک کے وسیع تر مفاد میں سوچنا چاہیے۔