وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات کا قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال، ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ مشاورت کی دعوت

3

اسلام آباد، 24 جون  (اے پی پی(:وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات نے آج قومی اسمبلی میں بجٹ 2025-26 کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ایسی ہے کہ بھارت جیسے ملک کو بھی جرات نہیں کہ وہ پاکستان کی طرف نظر اٹھا سکے۔

 انہوں نے کہا کہ نہ بھارت اور نہ ہی کوئی اور دشمن ملک پاکستان کی سالمیت پر نظر ڈالنے کی ہمت کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایوان کے دونوں اطراف بیٹھے تمام معزز اراکین پارلیمنٹ کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے آئیں، حکومت کے ساتھ بیٹھیں اور تجاویز دیں کہ ملک کے دفاع کو مزید بہتر کیسے بنایا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مشترکہ مشاورت کے ذریعے بجٹ کو مزید مؤثر اور قومی مفاد سے ہم آہنگ بنایا جا سکتا ہے تاکہ پاکستان کا دفاع مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہو۔

انہوں نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ قابلِ غور بات ہے کہ 10 مئی کے بعد بھی اپوزیشن کی جانب سے وزارتِ دفاع کے بجٹ پر کٹ موشن پیش کیے گئے، جو ایک سنجیدہ سوالیہ نشان ہے۔