اسلام آباد 25, جون ( اے پی پی ):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بروز بدھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) کے اراکین کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کے فروغ کے لیے پارلیمان اور میڈیا کے مابین مضبوط اور مؤثر روابط انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دورمیڈیا کا ہے اور میڈیا نے موجودہ دور میں ترقی کرتے ہوئے جدید خطوط پر خود کو استوار کیا ہے۔ میڈیا کی ہمیشہ سے کلیدی حیثیت رہی ہے اور عوام کے حقِ معلومات کا محافظ ہے۔میڈیا نمائندوں کی محنت، دیانت اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ عوام کو باخبر اور نظام کو جوابدہ بناتی ہے۔ ایک شفاف پارلیمان اور آزاد میڈیا ہی جمہوریت کی حقیقی روح ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے میڈیا کے کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا قلم عوام اور اقتدار کے درمیان ایک پل ہے۔ سچائی کو موثر انداز میں اجاگر کرنا اداروں کو مزید مضبوط بنانا اور قومی یکجہتی کے فروغ میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔آج کے موجودہ دور میں ذمہ دار صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔ جعلی خبریں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پھیلنے والی غلط معلومات عوامی اعتماد کو سبوتاژکرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم پاکستان، سپیکر قومی اسمبلی اور اب بطور چیئرمین سینیٹ میڈیا کے فروغ اور میڈیا نمائندگان کے مسائل کے حل کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے ایوان بالاء نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے نمایاں قانون سازی عمل میں لائی ہے اور ان کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے بھی موثر حکمت عملی اور اقداما ت اٹھائے ہیں۔ انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی رپورٹرز عوام تک حقائق پر مبنی معلومات کا سبب بنیں گے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ پارلیمانی صحافیوں کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ان کے حل کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے بانی ہیں جو پاکستان اور میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے صحافت کے اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میں نے آج آپ کے سامنے ان عہدوں پر کام کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے پی آر اے ممبران کے سوالوں کے تفصیلی جوابات بھی دیئے۔