سفیر عاصم افتخار احمد کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

21

نیویارک، 25 جون ( اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نےاقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات جولائی 2025 کے مہینے کے دوران پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے حوالے سے ہوئی، ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد  نے سیکرٹری جنرل کو جولائی میں سلامتی کونسل کے مجوزہ پروگرام آف ورک کی تفصیل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر دونوں شخصیات نے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود اہم اور فوری نوعیت کے عالمی امن و سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے رکن ممالک کے درمیان مضبوط عزم موجود ہے۔

سفیر عاصم  نے پیچیدہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کثیرالجہتی سفارتکاری اور تنازعات کی روک تھام سے متعلق سیکرٹری جنرل کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

سفیر عاصم افتخار  نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان، سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کو کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں انجام دے گا۔