صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی پی ڈی ایم اے آمد، مون سون انتظامات کا جائزہ

4

لاہور، 26 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مون سون بارشوں اور موسمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی ڈی ایم اے سید جواد حیدر نے صوبائی وزیر کو رواں سال کی ممکنہ مون سون بارشوں کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ اس سال بارشیں معمول سے 25 فیصد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب بھر کے ندی نالوں کی صفائی کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون کا موجودہ سپیل یکم جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، جبکہ اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے، اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واسا سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہمہ وقت الرٹ رہیں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے عمل کو فوری اور مؤثر طریقے سے مکمل کریں۔ مزید یہ کہ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اس وقت پنجاب کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔