وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا بارش کے دوران مختلف علاقوں کا اچانک دورہ، نکاسی آب کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار

3

لاہور، 26 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارش کے دوران قذافی اسٹیڈیم، ظہور الٰہی روڈ، جیل روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

 قذافی اسٹیڈیم کے اطراف آٹھ ماہ میں مکمل کیے گئے پائیدار نکاسی آب کے سسٹم کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بارش کے پانی کا نکاس بروقت اور مؤثر انداز میں ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گلبرگ کے مختلف بلاکس کا دورہ کرتے ہوئے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے تحت جاری ایل ڈی اے منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گلبرگ میں خوبصورت ٹف ٹائلز اور پیور کی تنصیب سمیت نکاسی آب کے ماڈرن ماڈل کو سراہا۔ انہوں نے رہائشی و کمرشل علاقوں سے تجاوزات اور غیر منظم سبز پٹیوں کے خاتمے کے بعد یونیفارم ڈویلپمنٹ کے اقدامات کا بھی مشاہدہ کیا۔

 مزید برآں، وزیراعلیٰ نے گلبرگ میں فیشن ایونیو، ظہور الٰہی روڈ، کالج روڈ، سرسید روڈ سمیت دیگر کمرشل کوریڈورز میں جاری بیوٹفیکیشن پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا اور ان منصوبوں کو شہری سہولت اور جدید شہر ی پلاننگ کی عمدہ مثال قرار دیا۔