محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے حضرت بابا فرید کے سالانہ عرس اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ

7

 لاہور، 26 جون (اے پی پی): سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پاکپتن کا دورہ کیا اور حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے 783ویں سالانہ عرس کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مزار پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سیکرٹری داخلہ نے مزار کے احاطے میں قائم کیے گئے خصوصی ہسپتال اور میڈیکل ایمرجنسی سینٹر کا بھی معائنہ کیا، اور کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی انتظامات اور نگرانی کے عمل کو چیک کیا۔

 ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زائرین کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنے کے لیے انتظامات کو ہر ممکن حد تک موثر اور مربوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عرس اور محرم کے ایام مکمل ہونے تک تمام افسران فیلڈ میں ڈیوٹی پر موجود رہیں اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے امور نمٹائیں۔

 ڈپٹی کمشنر ماریہ طارق اور ڈی پی او جاوید اقبال نے سیکرٹری داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زائرین کے لیے سہولت، رہنمائی، صفائی، طبی امداد، ٹریفک اور سکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد ہو رہا ہے اور کنٹرول روم سے 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور چیکنگ پوائنٹس مکمل کیے جا چکے ہیں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ والنٹیئرز بھی تعینات ہیں۔ محکمہ اوقاف کے حکام نے بتایا کہ دربار کی تزئین و آرائش، صفائی، روشنی، پانی اور وضو خانے کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔