اسلام آباد، 26 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ ایک عوام دوست بجٹ ہے جو عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور کوئی دشمن پاکستان کی طرف نظر اٹھانے کی جرات نہیں کر سکتا۔ رانا محمد حیات نے پاک فوج اور حکومت کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کے حوالے سے انہوں نے اہم اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
زراعت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک اس شعبے میں مزید اقدامات نہیں کیے جاتے، معیشت میں ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی ملکی معیشت ترقی کرے گی، اتنا ہی عام آدمی کو ریلیف میسر آئے گا۔