اسلام آباد، 27 جون (اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور۔ پاک امریکہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے حوالے سے اشتراک کار پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران اسرائیل جنگ بندی کرانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی قیادت اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا پاک بھارت کے بعد ایران اسرائیل سیز فائر کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متاثر کن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے۔قیام امن کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زبردست اقدامات کو سراہتے ہیں۔پاکستان ہمیشہ سے کشمیر سمیت دیگر تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔
امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔قائم مقام امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا اہم دوست ملک ہے اور کہاپاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔