اسلام آباد، 27 جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بجٹ 2025 کی منظوری کے بعد ارکان سینیٹ و قومی اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام دوست بجٹ بنانے کیلئے معاشی ٹیم نے شب و روز محنت کی جبکہ تمام اتحادی جماعتوں کے مشکور ہیں جن کی مشاورت سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے والا بجٹ تشکیل دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی جماعتوں نے بجٹ کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا جن پر ان کے شکر گزار ہیں،اب ہم سب کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرا یقین محکم ہے کہ یہی مثالی اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھارت کی حالیہ بلاجواز جارحیت کے خلاف پاکستان کی فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستان کا مؤقف واضح کیا اور بھارت کے پاکستان کے حوالے سے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جبکہ نہ صرف سفارتی وفد کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی بلکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے وفد کا شاندار استقبال کیا اور پاکستان کی سفارتی اور فوجی فتح پر حکومت اور افواج پاکستان کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ ایران پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان نے ایرانی حکومت و برادر عوام کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کیا۔ جنگ کے دوران ایرانی قیادت بالخصوص صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ مکمل رابطے میں تھا جبکہ اس تنازعے کے حل سے خطے میں امن و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔