اسلام آباد، 2 جولائی (اے پی پی ):وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملکہ کوہسار مری کے نواح میں فیلڈ ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے فیلڈ ہسپتال میں دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا، ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر اور طبی عملے سے بات چیت کی۔انہوں نے ڈاکٹرزاور طبی عملے سے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے فیلڈ ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے بات چیت کی جنہوں نے طبی سہولتوں کے بارے میں بتایا،مریم نواز شریف نے طبی ٹیسٹ اور ادویات کی مفت فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا، اس کے جواب میں شہریوں نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال شاندار اقدام ہے، ضعیف خواتین اور مریضوں کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔ ایک مریض نے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ دشوارگزار راستوں سے گزر کر ہسپتال جانے کی صعوبت برداشت کیے بغیر علاج کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر ہی ملیں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اب فیلڈ ہسپتال خود چل کر ان کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل ہسپتال سے سوا کروڑ سے زائد مریض فیض یاب ہوچکے ہیں۔ انسانیت کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن)کا ہمیشہ سے منشور رہا ہے۔فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے،عوامی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں شہری سڑک کے اطراف میں اکٹھے ہوگئے۔