وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت کراچی انڈسٹریل پارک کے حوالے سے اجلاس

3

اسلام آباد، 2 جولائی )اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت کراچی انڈسٹریل پارک کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارتِ صنعت و پیداوار، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو افسر نے پارک کے ماسٹر پلان اور ترقیاتی مراحل پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ منصوبے کی ترقی مرحلہ وار کی جائے گی اور اس حوالے سے ابتدائی بلاک پر کام کا آغاز ہوگا۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر ارفع اقبال نے بتایا کہ منصوبے کا ابتدائی تصور آئندہ بورڈ اجلاس میں منظور کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ صنعتکاروں کے لیے پلاٹس کی الاٹمنٹ کے حوالے سے شفاف اور واضح طریقہ کار طے کیا جائے تاکہ چھوٹے اور بڑے دونوں درجے کی صنعتوں کو سہولت مل سکے۔ پارک میں سرمایہ کاروں کے لیے تمام بنیادی سہولیات، جیسے پانی، بجلی، ٹیلی کمیونیکیشن، ٹرانسپورٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کا جامع انتظام ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں انڈسٹریل پارکس صرف صنعتی سرگرمیوں تک محدود نہیں ہوتے بلکہ یہ زندگی، تفریح اور کام کو یکجا کرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سنگاپور اور ویتنام جیسے ممالک کے ماڈلز سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پارک کے ساتھ واقع عربین سی کنٹری کلب کو دوبارہ فعال کیا جائے گا تاکہ وہاں تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

آخر میں وزیر منصوبہ بندی نے ہدایت کی کہ منصوبے کی دستاویزات کا دوبارہ جائزہ لے کر عملدرآمد کے لیے تیاری کی جائے، اور سنگ بنیاد کی تقریب کے لیے تمام انتظامات ستمبر کے آغاز تک مکمل کر لیے جائیں۔