عمانی “بوشر بائیکرز کلب” کا وفد وطن واپس روانہ

2

لاہور، 04 جولائی (اے پی پی): عمانی “بوشر بائیکرز کلب” کا 8 رکنی وفد خیر سگالی دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گیا۔ وفد جمعہ کے روز لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ایک خوشگوار تجربہ تھا۔ ہم دل کی گہرائیوں سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان ضرور آنا چاہیے۔ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، یہاں کے لوگ نہایت مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں۔ ہمیں یہاں آ کر بے حد پیار ملا، اور یہ سفر ہمیشہ یادگار رہے گا۔ وفد کے اراکین  میں عیسیٰ الحسنی، محمد النبھانی، کامل اے آئی وہبی، ماجد الرواحی، محمد منینی، ماجد الوہابی اور محمد الرواحی شامل تھے۔ واضح رہے کہ اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک، پاکستان اور عمان کے درمیان سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس سفر کے ذریعے اتحاد، دوستی اور علاقائی تعاون کے پیغام کو فروغ دینا مقصود تھا۔ اپنے دورے کے دوران عمانی وفد نے اسلام آباد سے خنجراب اور شمالی علاقہ جات سمیت پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کیا اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سمیت مختلف حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔