نو محرم الحرام؛چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کا مرکزی امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس کا دورہ

2

اسلام آباد، 5 جولائی ( اے پی پی): چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے آج مرکزی امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس کا اچانک دورہ کیا، 9 محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور جلوس کے روٹ کی کلیئرنس و بھاری نفری کی تعیناتی کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔

اس موقع پر آئی جی پی، ڈی جی اسلام آباد واٹر، ڈی جی ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سی ڈی اے، ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کے اے ڈی سی جی، متعلقہ علاقے کے اسسٹنٹ کمشنرز اور سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران ہمراہ چیف کمشنر اسلام آباد  کو جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

 آئی جی پی اسلام آباد نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات اور  چیف کمشنر اسلام آباد کی  نگرانی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جو کہ امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس کی انتظامیہ کی مشاورت سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ جلوس اپنے مقررہ وقت پر شروع ہو چکا ہے۔علاوہ ازیں جلوس کے روٹ کی کلیئرنس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ وہ 9 محرم الحرام کو اسلام آباد میں تمام جلوسوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔  انہوں نے سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تمام ونگز کو 9ویں محرم کے جلوس کے دوران مکمل کوآرڈینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں کے سی سی ٹی وی کے ذریعے بھی جلوس کی مناسب نگرانی کی جائے۔