لاہور، 6 جولائی (اے پی پی): نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ و دیگر شہدائے کربلا کی یاد میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ عاشور (10 محرم الحرام) انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔لاہور کے مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے، لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا جو اپنے قدیمی راستوں سے ہوتاہوا شام کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہواجہاں شام غریباں کی مجلس برپا کی گئی ۔
عزاداروں کے لئے مختلف مقامات پر سبیلیں لگائی گئیں، لنگر کا اہتمام کیا گیا ،مرکزی جلوس کی طرف آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند رکھا گیا ، عزاداروں کی مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی ۔ جلوسوں کے راستوںمیں آنے والی تمام مارکیٹیں بند رہیں اور چھتوں پر سنائپرز کو تعینات رکھا گیا۔
جلوسوں کے اختتام پر مجالس عزا برپا کی گئیں جس میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کا ذکر کیا گیا۔ تمام جلوسوں کے اختتام پر ملک کی سالمیت استحکام ترقی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم عاشور کے موقع پر، امن و امان کے قیام کے لئے ماتمی جلوسوں کے راستوں اور قرب و جوار کے علاقوں کی مکمل مانیٹرنگ بھی کی جاتی رہی۔ جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ یوم عاشور کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند کی گئی تھی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔











