اسلام آباد، 08 جولائی (اے پی پی ): وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم فیز 4 کے تحت تیسری خصوصی کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روز وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کی۔ وفاقی وزیر برائے عوامی امور رانا مبشر اقبال اور وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں علاقائی سطح پر درخواستوں کی تقسیم اور کوٹہ کی تفصیل کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقاریب کے لیے ایک خصوصی میڈیا مہم شروع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے تعاون سے ایک مشترکہ میڈیا آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا،لیپ ٹاپ اسکیم کی میڈیا مہم کی قیادت وزارتِ اطلاعات کرے گی۔
ڈاکٹر خالد مقبول نے اعلان کیا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کی مرکزی افتتاحی تقریب 25 جولائی کو جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔
رانا مشہود کے مطابق، لیپ ٹاپ اسکیم کی دیگر علاقائی تقاریب بعد میں منعقد کی جائیں گی جن کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ یہ اسکیم وزیراعظم شہباز شریف کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن کا حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی ٹیکنالوجی تک رسائی قومی ترقی کی ضمانت ہے۔
رانا مشہود نے اس موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا پاکستان کے مضبوط اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے