مالی سال 2024-25 کے اختتام پر معاشی اشاریے حوصلہ افزا رہے ہیں،احسن اقبال

18

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے جولائی کے ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ کے اجرا کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2024-25 کے اختتام پر معاشی اشاریے حوصلہ افزا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر ریکارڈ رقم خرچ کی گئی جس سے مختلف شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد برآمدات، جدت اور انسانی وسائل کی ترقی کے ذریعے خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ مختلف ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے گئے ہیں اور نئے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔اس دوران کئی منصوبے متعلقہ فورمز سے منظور کیے گئے جن سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال بلوچستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے جن میں انفراسٹرکچر، پانی، تعلیم اور رہائش کے شعبے شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، جس سے ان علاقوں میں تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبوں کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے اہداف سے بڑھ کر کام کیا ہے، جس سے شفافیت اور مؤثر منصوبہ بندی کو فروغ ملا ہے۔ مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور بجلی و ایندھن کی قیمتوں میں کمی جیسے اقدامات بھی زیر بحث آئے، جن سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس سے طلبہ کو قومی ترقی میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت ترقیاتی عمل کو شفاف اور ڈیٹا پر مبنی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اسی مقصد کے لیے باقاعدگی سے ترقیاتی رپورٹس جاری کی جا رہی ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری اورترقی کے سفر میں تسلسل قومی عزم کا مظہر ہے۔