اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زھیر محمد حمد اللہ زید نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے پاکستان اور فلسطین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہری وابستگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
فلسطینی سفیر نے حکومت پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا آج فلسطین میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
فلسطینی سفیر نے بتایا کہ فلسطینی صدر کے مشیر ڈاکٹر محمود الہباش اور مسجد الاقصی کے امام آئندہ دنوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔