اسلام آباد، 11 جولائی 2025 (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزارتوں کی کارکردگی بڑھانے، پرانے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ہر شعبے میں ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے اصلاحاتی عمل کی ہدایت دی ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت بجلی کی جانب سے گورننس میں بہتری، نقصانات میں کمی اور اصلاحات کے لیے ماہرین پر مشتمل نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سات دہائیوں سے جس فرسودہ نظام سے ملک چلانے کی کوشش کی گئی، اس سے پاکستان کی ترقی ممکن نہیں۔ معاشی خوشحالی اور قومی ترقی کیلئے جدید، ڈیجیٹل اور مؤثر گورننس ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے اور نوجوان افرادی قوت اس کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، جو دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح فرسودہ نظام کو تبدیل کر کے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
وزیرِ اعظم نے وزیرِ بجلی سردار اویس خان لغاری اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت بجلی کی اصلاحات اور قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت باقی وزارتوں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی معاونت اور مقامی کنسلٹنٹس کی شمولیت اصلاحات اور گورننس کے نئے طریقے متعارف کرانے میں معاون ثابت ہوگی۔
وزیرِ اعظم نے وزارتوں کو جدید نظام سے ہم آہنگ کرنے، بہترین افرادی قوت کی بھرتی اور گورننس کی بہتری کیلئے اصلاحاتی تجاویز تیار کرنے والی کمیٹی کے قیام کی ہدایت دی۔ یہ کمیٹی وزارت بجلی کی اصلاحات کو بنیاد بنا کر دیگر وزارتوں اور اداروں کی تنظیمِ نو کیلئے قابل عمل تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل الیکٹرسٹی پلان کے تحت وزارت میں 134 اسٹریٹجک ہدایات پر عملدرآمد کیا گیا ہے، جن میں پالیسی، نگرانی اور منصوبہ سازی شامل ہیں، جبکہ ٹیکنیکل آرم پر مشتمل ماہرین جدت اور عملدرآمد پر کام کر رہے ہیں۔وزارت بجلی میں نافذ کردہ نئے نظام اور ماہرین کی پروفائلز پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











