ملتان، 14جولائی(اے پی پی):ملتان میں ویڈا بس کی بریک فیل ہونے کے باعث ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہونے کے افسوسناک واقعے پر کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور ویڈا بس کنٹریکٹر کمپنی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔
اجلاس کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے ویڈا بس کنٹریکٹر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ اگرچہ اکتوبر میں ختم ہو رہا ہے، تاہم اس کا مطلب سروس کو ترک کرنا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت میں غفلت ناقابل قبول ہے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ اس وقت ویڈا کی صرف 65 بسیں روڈ پر ہیں جبکہ 35 بسیں ڈیڑھ سال سے خراب کھڑی ہیں۔ آن روڈ بسوں سے زہریلا دھواں نکلنے اور بار بار خراب ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، جو کہ کمپنی کی غیر سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی عدم دلچسپی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور مؤثر اقدامات کے ذریعے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔











