لندن، 14 جولائی )اے پی پی):پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ٹریڈ ڈائیلاگ میکانزم کے ایک اہم معاہدے پر باضابطہ دستخط کر دیے۔ معاہدے پر دستخط وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی تجارت ڈگلس الیگزینڈر نے لندن میں کیے، اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔
یہ پہلا اعلیٰ سطحی تجارتی معاہدہ ہے جسے پاکستان کی کابینہ کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی گئی، اور اسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپس کا قیام، باقاعدہ جائزہ اجلاسوں کا انعقاد، اور ڈیجیٹل تجارت، قابل تجدید توانائی، زراعت، اور دوا سازی جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان نے اپنی برآمدات میں اضافے کے لیے آئی ٹی، زرعی ٹیکنالوجی، اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ برطانیہ نے ترقی پذیر ممالک کے لیے ڈیولپنگ کنٹریز ٹریڈنگ اسکیم (DCTS) کے تحت پاکستان کو مزید سہولیات دینے پر آمادگی ظاہر کی۔
یہ معاہدہ نئی منڈیوں تک رسائی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئے اقتصادی دور میں داخل کرے گا۔











