اطلاعات کے محاذ پر افسران کا کلیدی کردار، پاکستان کے بیانیے کا دفاع اولین فریضہ ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

21

اسلام آباد، 17 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں 41ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے نظریے اور مقصدِ قیام کا دفاع ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا بھی نہایت اہم قومی فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  یہ ایک خدمت ہے جس میں چھٹی یا ویک اینڈ کا تصور نہیں ہوتا کیونکہ اطلاعات کے شعبے کے افسران ہر لمحہ ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے انفارمیشن گروپ نے پاکستان کے بیانیے کے دفاع میں ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے،  حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران سب سے پہلی جنگ معلومات کی جنگ تھی جس میں انفارمیشن گروپ نے شاندار کامیابی حاصل کی، اور ان کی خدمات اعلیٰ ترین سطح پر سراہیں گئیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انفارمیشن سروس کے نئے افسران ایک جدید، ڈیجیٹل دور میں قدم رکھ رہے ہیں، جہاں چیلنجز روایتی میڈیا کے برعکس زیادہ پیچیدہ اور خودکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا عالمی خطرہ جوہری جنگ یا ماحولیاتی تبدیلی نہیں بلکہ جھوٹی خبریں، پروپیگنڈا اور غلط معلومات ہیں،اس تناظر میں، انفارمیشن افسران کی ذمہ داری مزید اہم بن گئی ہے۔

انہوں نے تربیتی پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران افسران نے نہ صرف دس اہم مضامین پر مشتمل تعلیمی نصاب مکمل کیا بلکہ فیلڈ وزٹس، تحقیقی مقالات اور علاقائی دوروں کے ذریعے عملی و فکری تربیت بھی حاصل کی۔ اس پروگرام میں ڈیجیٹل میڈیا، مصنوعی ذہانت اور جدید مواصلاتی حکمت عملیوں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ افسران نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

عطا اللہ تارڑ نے اپنے خطاب کے اختتام پر افسران کو مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے دروازے ہمیشہ نوجوان افسران کی رہنمائی اور مدد کے لیے کھلے ہیں۔