لاہور، 17 جولائی (اے پی پی): پنجاب حکومت کے “اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام میں مفت پلاٹس کی فراہمی کا عمل اگلے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر غریب اور مستحق خاندانوں کو پلاٹ فراہم کرنے کے لیے مزید آن لائن درخواستوں کی وصولی کا عمل بند کر دیا گیا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کو ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ سکندر ذیشان نے پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کروائی جا چکی ہیں، جن میں سے 3 لاکھ 67 ہزار سے زائد درخواستیں ابتدائی سکریننگ کے معیار پر پورا اترتی ہیں۔ پروگرام کے تحت صوبے کے 19 اضلاع میں آن لائن درخواستوں کے ذریعے 2 ہزار مستحق خاندانوں کو مفت پلاٹس دیے جائیں گے۔ وزیر ہاؤسنگ نے بتایا کہ شفافیت اور جانچ پڑتال کے عمل کی نگرانی کے لیے ان 19 اضلاع میں سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں، جن کی سربراہی متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کریں گے، اور یہ کمیٹیاں ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ پھاٹا (PHATA) کے زیر انتظام اسکیموں کی بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ “اپنی زمین، اپنا گھر” اسکیم کے تحت مفت پلاٹ حاصل کرنے والے خاندان “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے ذریعے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض بھی حاصل کر سکیں گے تاکہ وہ اپنا گھر تعمیر کر سکیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کم آمدنی والے افراد کو باعزت رہائش کی سہولت دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد ایک باوقار اور خوشحال پنجاب کی تعمیر ہے۔











