وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا بی آئی ایس پی سنٹرل زونل آفس لاہور کا دورہ

19

لاہور، 17 جولائی )اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے بی آئی ایس پی سنٹرل زونل آفس لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبہ پنجاب میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جاری فلاحی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب محمد ناصر خلیلی نے وفاقی وزیر کو مختلف پروگرامز اور ان کے اثرات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینظیر کفالت پروگرام کے ذریعے صوبے بھر میں 47 لاکھ مستحق خاندانوں کو مالی امداد دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت 82 لاکھ سے زائد بچوں کا اسکولوں میں اندراج مکمل کیا جا چکا ہے، جس کا مقصد غریب گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کو بینظیر نشوونما پروگرام کے بارے میں بھی بتایا گیا، جس کا مقصد حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور شیر خوار بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا ہے تاکہ معاشرے کے اس اہم طبقے کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔

سید عمران احمد شاہ نے مستحقین کی شکایات کے بروقت اور مؤثر ازالے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شکایات کے اندراج اور ان کے حل کے نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے تاکہ عوام کا ادارے پر اعتماد بڑھے۔

انہوں نے بینظیر ہنر مند پروگرام کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف خواتین بلکہ ان کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی ہنر مند بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر کے معاشی طور پر خود مختار ہو سکیں۔

وفاقی وزیر نے بی آئی ایس پی پنجاب کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن قابلِ تعریف ہے۔ دورے کے دوران بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے ڈائریکٹر جنرل آرگنائزیشن مینجمنٹ فواد نواز کیانی بھی موجود تھے۔