وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس

12

لاہور، 17 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ماس ٹرانزٹ نظام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے بڑے فیصلے کیے گئے۔  وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو جدید، باوقار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس میں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کی منظوری دے دی گئی۔ فیصلے کے تحت اب لاہور، ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد کی میٹرو بسوں اور لاہور کی اورنج لائن ٹرین میں ٹوکن سسٹم کو ختم کر کے کارڈ بیسڈ پیمنٹ نظام نافذ کیا جائے گا۔ مسافر اب کرایہ کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ یا موبائل ایپ کے ذریعے ادا کر سکیں گے۔ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے ٹی کیش کارڈ متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے پورے پنجاب میں کسی بھی میٹرو بس یا اورنج لائن پر سفر ممکن ہوگا۔ سسٹم میں این ایف سی (ٹیپ اینڈ گو) ٹیکنالوجی بھی شامل ہوگی تاکہ ادائیگی مزید آسان بنائی جا سکے۔ طلبہ کے لیے خصوصی سٹوڈنٹ کارڈ بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 5 سے 18 تک ٹیکنیکل آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو کے انعقاد کی اصولی منظوری بھی دی گئی، جبکہ گاڑیوں سے متعلق تمام امور کے لیے ایک جامع آر ایف آئی ڈی اسٹیکر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔ موٹر سائیکل رکشوں کے متبادل کے طور پر الیکٹرک رکشے متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا، اور وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کے لیے تجاویز طلب کر لیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے ییلو لائن لاہور اور گوجرانوالہ بی آر ٹی سمیت دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب کے اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا عمل اگست سے شروع ہو جائے گا۔ اس موقع پر لاہور میں 50 پری فیبریکیٹڈ بس شیلٹرز کی تنصیب کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، اور ان کے ڈیزائن اور رنگوں پر مشاورت کی گئی۔