وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک پر کابینہ کمیٹی کا اجلاس، چینی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

17

اسلام آباد، 17 جولائی )اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبوں کا ایک اہم خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی پیک سے متعلق جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ چینی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے فوری حل پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری کو محفوظ، سازگار اور پائیدار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک فیز ٹو کے تحت نئے شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے متحرک ہے، جبکہ سی پیک نہ صرف قومی ترقی بلکہ علاقائی تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

گوادر بندرگاہ کی تجارتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر علاقائی تجارت کا مرکز بننے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور وہاں مقامی ماہی گیروں کے مفادات اور روزگار کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے گوادر میں بجلی اور پانی کے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ چینی سرمایہ کاری سے بننے والے منصوبوں میں زیر التواء تمام امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے، جو حکومت کے ترقیاتی منشور کا اہم حصہ ہے۔