اسلام آباد، 18 جولائی 2025 (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کے شپنگ سیکٹر اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کی اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، جنید انور چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے شپنگ سیکٹر میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے لائن سے خطے میں تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس سے وسطی ایشیاء کے تجارتی سامان کی پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک ترسیل ممکن ہو گی۔
وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ دینے کے لیے ریلوے اور شپنگ کے شعبے کی بہتری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شپنگ لائنز کے ذریعے سامان کی ترسیل ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنے کا ایک نادر موقع ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پاکستان کے فریٹ پر خرچ ہونے والے زرمبادلہ کی بچت کو یقینی بنانے کے لیے قومی بحری بیڑے میں جہازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے وزارتِ بحری امور اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو شعبے کی ازسرنو اصلاحات اور پائیدار بزنس ماڈل پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔











