‎‎پاکستان میں پولیس کی تاریخ کا پہلا جدید ترین نیشنل پولیس ہسپتال تکمیل کے قریب

17

اسلام آباد ،19 جولائی ( اے پی پی):پاکستان میں پولیس کی تاریخ کے پہلے جدید نیشنل پولیس ہسپتال کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ 6.4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ اسلام آباد پولیس ہیڈکوارٹرز میں واقع ہے، جس کی تکمیل کا ہدف دسمبر 2025 مقرر کیا گیا ہے۔

ہسپتال 252 بستروں پر مشتمل ہوگا، جس کا گریے اسٹرکچر مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ فِنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ہسپتال کے ساتھ 500 سے زائد نرسز کی تربیت کے لیے ایک انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد طبی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کو یقینی بنانا ہے۔اس سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ہسپتال کے زیر تعمیر حصے کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ہسپتال کو دسمبر تک فنکشنل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیر داخلہ نے ہسپتال کی جلد تکمیل کے لیے تعمیراتی ٹیم کو ضروری ہدایات دیں اور زور دیا کہ فنشنگ کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دورے کے دوران انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی اور ہسپتال کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔یہ ہسپتال پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے لیے بھی جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔