اسلام آباد، 22 جولائی ( اے پی پی ): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹرز ذیشان خانزادہ، بلال احمد خان، ندیم احمد بھٹو، محسن عزیز اور وزارت نجکاری، پاور ڈویژن اور زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل)و دیگر حکام نے شرکت کی۔
کمیٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے پنشنرز کی شکایات کو اجاگر کرنے والی رپورٹ کا جائزہ لیا۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس وقت پی آئی اے سی ایل کے 6,625 ملازمین کی پنشن واجبات ہیں ۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پنشن کی رقم انتہائی کم ہے چیئرمین نے ہدایت کی کہ گریڈ/اسکیل وار پنشن کی تفصیلات بشمول وصول شدہ رقم اور تقسیم کے عمل کو آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان منرلز ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) ابھی تک نجکاری کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ نے سوال کیا کہ اس ادارے کی نجکاری کیوں کی جا رہی ہے اور پوچھا کہ اس کے پیچھے کیا مقصد ہے؟۔ سینیٹر بلال احمد خان نے بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر حکومت ادارے کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے تو زمین کیوں دی جا رہی ہے۔
سینیٹرز نے نجکاری کے فیصلے کی بنیاد پر مزید استفسار کیا، یہ نوٹ کیا کہ وزارت پٹرولیم کے پاس پی ایم ڈی سی کی نجکاری کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ جواب میں وزیر نے واضح کیا کہ کابینہ کمیٹی برائے SOEs تنظیموں کا جائزہ لینے کی ذمہ دار ہے اور وزارت پٹرولیم اپنے مینڈیٹ کی بہتر وضاحت کر سکتی ہے۔ کمیٹی کو نجکاری کے عمل پر بریفنگ دی گئی جس میں بورڈ کو سفارشات، کابینہ کی منظوری اور اشتہارات کے ذریعے مالیاتی/قانونی مشیروں کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے۔ حتمی منظوری سے پہلے تشخیص کے معیار کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے تجویز پیش کی کہ اس معاملے پر مزید غور و خوض کے لیے پی ایم ڈی سی کو آئندہ اجلاس میں مدعو کیا جائے۔
زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ یہ حکومت کی جانب سے اگست 2024 میں منظور کردہ نجکاری کی فہرست کے فیز ون میں شامل ہے۔ کل 24 اداروں کی نجکاری کی جانی ہے۔زیڈ ٹی بی ایل فی الحال مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کے عمل میں ہے۔ وزارت نے بتایا کہ زیڈ ٹی بی ایل کی نجکاری کو حتمی شکل دینے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
مزید برآں، چیئرمین کمیٹی سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آخری میٹنگ 31 جنوری کو ہوئی تھی، جب بولیاں جمع کرائی گئی تھیں اور ان کا جائزہ لیا گیا تھا۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ تقرری کو حتمی شکل دیئے بغیر تقریباً چھ ماہ گزر گئے۔ وزارت نے جواب دیا کہ اس عمل میں عام طور پر چھ سے آٹھ ہفتے لگتے ہیں لیکن ایک فریق کی طرف سے تقریباً 5000 روپے فیس کے زیادہ مطالبات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔ وزارت نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ نجکاری کا مکمل عمل اب نو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
سینیٹر ذیشان خانزادہ نے اداروں کی نجکاری کے مجموعی عمل پر ایک اہم نکتہ اٹھایا۔ انہوں نے نجکاری کمیشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اداروں کی نجکاری کے پیچھے دلیل پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے تاکید کی کہ کمیٹی میں اس معاملے پر بھرپور بحث کی جائے۔
اجلاس میں DISCOS پرائیویٹائزیشن پر بھی غور کیا گیا ۔ IESCO، GEPCO، اور FESCO کو فیز-I میں شامل کیا گیا ہے اور مناسب مستعدی کے بعد، مالیاتی مشیر کی رپورٹ اسٹیک ہولڈرز یعنی پاور ڈویژن، نیپرا، CPPA، ISMO، PC 3 بڑے ڈسکوز وغیرہ کے زیر غور ہے۔ مزید برآں، HESCO اور SEPCO کی نجکاری فیز-I کے لیے ایڈوائزرنگ فیز میں کی جائے گی۔ حیسکو اور سیپکو کی نجکاری 23 جون 2025 کو شائع ہوئی ہے۔