اسلام آباد، 23 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت پاکستان ریلوے کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ریلوے کے نظام کو جدید، فعال اور عوام دوست بنانے کے لیے مربوط اقدامات اور نئے اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد حنیف عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز میں دیانت،محنت اور قومی جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ریلوے کی ترقی اور عوامی خدمت حکومت کا اہم مشن ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سطحوں پر نتیجہ خیز کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیر ریلوے نے مون سون کے موسم میں ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے تمام ریلوے پلوں، پٹریوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے فوری معائنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مسافروں اور عملے کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے “ سُتھرا پنجاب” مہم کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی دیں۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اسٹیشنوں پر جدید صفائی کے نظام اور ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے صفائی کا تسلسل یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مسافروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ہمارا قومی اثاثہ ہے،اس کی حفاظت اور بہتری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔