وفاقی وزیر بحری امور سے گوادر پریس کلب کے وفد کی ملاقات

12

اسلام آباد، 23 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے گوادر پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی جس میں گوادر کی ترقی، اقتصادی امکانات اور ماحولیاتی بہتری سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے لیے چینی و مقامی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر اقتصادی مواقع پیدا کیے جائیں گے، جن میں ماہی گیری ویلیو ایڈیشن یونٹس اور کھجور پروسیسنگ پلانٹس کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر پورٹ پر 2000 ٹن صلاحیت کا کولڈ اسٹوریج قائم ہے اور اس سے مقامی معیشت کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ جنید انوار چوہدری نے گوادر کو سرسبز بنانے کے لیے کمیونٹی شجرکاری مہم پر زور دیا اور عوام سے اپیل کی کہ “ہر گھر ایک درخت لگائے” تاکہ ماحول دوست اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیر بحری امور نے مزید بتایا کہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کو کپاس کی درآمدات گوادر کے ذریعے کرانے پر آمادہ کیا گیا ہے، جو بندرگاہ کی تجارتی اہمیت میں اضافے کا باعث بنے گا۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ گوادر میں 12 ہزار گیلن یومیہ صلاحیت کا ڈی سیلینیشن پلانٹ آزمائشی مراحل میں ہے، جس سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔