کوئٹہ ، 27 جولائی ( اے پی پی) : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹرز فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نارتھ کا دورہ کیا ہے۔ دورے کے دوران ایف سی بلوچستان نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے وفاقی وزیر کو سلامی پیش کی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ، میجر جنرل عابد مظہر نے وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا اور انہیں فورس کے افسران سے تعارف کرایا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔وزیر داخلہ نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و ملت کے تحفظ کے لیے دی گئی ان کی جانفشانی ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ ایک مایہ ناز فورس ہے جس کی قیام امن کے لیے قربانیاں انمٹ ہیں۔
آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد مظہر نے وزیر داخلہ کو فورس کی تربیت، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے جاری کوششوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور بے مثال بہادری پر فخر ہے۔
وزیر داخلہ نے بلوچستان میں قیام امن کے لیے فرنٹیئر کور نارتھ کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ایف سی جیسے اداروں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔











