پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پانچویں بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

24

اسلام آباد28 جولائی (اے پی پی ):پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے حوالے سے دو روزہ بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

 فریقین نے پچھلے اجلاس سے اب تک کی پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا اور اقتصادی و تکنیکی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارتی حجم کو 100 ملین امریکی ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا۔ برآمدات و درآمدات میں تنوع، پاکستان-کرغزستان جوائنٹ بزنس کونسل کی بحالی، تجارتی میلوں، بزنس فورمز اور بی ٹو بی تبادلوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

علاقائی روابط اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی۔ ڈاک، کارگو، ریل ٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ پاکستان نے کرغز ایئرلائنز کو چارٹر سے باقاعدہ پروازوں کی جانب منتقل ہونے کی تجویز دی۔ کرغزستان کے چین کے ساتھ نئی فضائی راہداری کی تجویز پر پاکستان نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ فائبر آپٹک رابطے کے منصوبے میں پاکستان کو شریک کرنے کی کرغز تجویز پر بھی مثبت گفتگو ہوئی۔

اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ چھٹا اجلاس کرغزستان میں منعقد ہوگا، جس کی تاریخ سفارتی ذرائع سے طے کی جائے گی۔ وزارت اقتصادی امور نے اس اجلاس کو وسطی ایشیا، خاص طور پر کرغزستان کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ طے پانے والے اقدامات دونوں ممالک کی پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور عوامی روابط کو فروغ دیں گے۔