اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں فشریز، آبی ذخیروں کی سولرائزیشن اور گوادر فری زونز میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر بحری امور نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومت گوادر بندرگاہ کو صاف، توانائی مؤثر اور سرمایہ کار دوست بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فشریز اور آبی پارکس کی سولرائزیشن سے پاکستان کی سمندری معیشت کو نمایاں فروغ ملے گا۔
جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پاکستان کی بلیو اکانومی نے مالی سال 2023ـ 24 میں جی ڈی پی میں 0.4 فیصد حصہ ڈالا جبکہ گزشتہ سال چین کو سی فوڈ برآمدات کا حجم 125 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کا ساؤتھ فری زون مکمل طور پر فعال ہے جہاں 2000 ٹن کی کولڈ اسٹوریج سہولت بھی موجود ہے، جبکہ نارتھ فری زون کی ترقی بھی تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ گوادر کے فری زونز میں دستیاب تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت گوادر بندرگاہ کو علاقائی لاجسٹکس حب بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی اور پاکستان کا ساحلی ڈھانچہ ماحولیاتی طور پر پائیدار بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین کے ساتھ بندرگاہی شعبے میں تعاون سے علاقائی رابطے مضبوط ہوں گے اور گوادر کی ترقی سے نہ صرف سمندری معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔











