چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی رندھاوا سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی  کی ملاقات

9

اسلام آباد،31 جولائی (اے پی پی): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر جن  میں شاہ فیصل مسجد کے حوالے سے سی ڈی اے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے علاوہ دیگر باہمی امور زیر بحث آئے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نےکہا کہ پاکستان سعودی عرب کے  اپنے تعلقات کو انتہائی عزت اور احترام کی نظر سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے سی ڈی اے کی چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی قیادت میں شاندار کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے اسلام آباد کو خوبصورت ترین شہر بنانے اور شجرکاری کو فروغ دینے خصوصا سی ڈی اے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی میں اضافہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے سی ڈی اے کی جانب سے جدید ترین نرسری کو اسٹیٹ آف دی آرٹ گارڈینیا ہب میں تبدیل کرنے کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

دونوں فریقوں نے 23 ستمبر کو سعودی عرب کے قومی دن کی آئندہ تقریبات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو بہترین انتظامات  کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔

نواف بن سعید احمد المالکی، سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو فروغ دینے میں اپنے ملک کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقوں نے اسلام آباد میں ہوٹل انڈسٹری کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ سعودی عرب سے ہوٹل انڈسٹری کے ممتاز سعودی سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں جن کے ساتھ  سی ڈی اے افسران کی اسلام آباد میں ہوٹل کے منصوبہ پر ملاقات متوقع ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا  کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت احترام، عزت اور اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سعودی سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہر کیلئے ایسی شراکت داریوں کی میزبانی ایک اعزاز ہے۔

ملاقات کا اختتام شہری ترقی، اقتصادی ترقی اور ثقافتی و مذہبی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے باہمی عزم پر ہوا۔