مسئلہ کشمیر پاکستان کی سالمیت اور تکمیل سے جڑا ہے،رانا قاسم نون

9

اسلام آباد، 01 اگست (اے پی پی): چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے انسٹیٹوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کا نیشنل، سیکرڈ اور اسٹریٹجک مسئلہ ہے اور یہ پاکستان کی سالمیت اور تکمیل سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تب تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک کشمیر اس کا حصہ نہ بن جائےکیونکہ کشمیر جغرافیائی، سیاسی، مذہبی اور ثقافتی لحاظ سے پاکستان کا جزوِ لاینفک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی حمایت میں سفارتی، سیاسی اور اخلاقی محاذ پر جنگ لڑی ہے اور بے شمار قربانیاں دیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو کبھی بھی علاقائی، داخلی یا دو طرفہ مسئلہ قرار نہیں دیا جا سکتا بلکہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک بین الاقوامی تنازع ہے۔

رانا قاسم نون نے بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ملٹری زون بن چکا ہے جہاں نو سے دس لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے اور انہیں پولیس جیسے اختیارات حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں ماورائے عدالت قتل،اغواء، خواتین کی بے حرمتی، گھروں کی مسماری اور آبادیاتی تبدیلیاں معمول بن چکی ہیں۔

رانا قاسم نون نے کہا کہ حریت قیادت کو تہاڑ جیل جیسے عقوبت خانوں میں رکھا گیا ہے اور مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی، یاسین ملک، شبیر شاہ اور ڈاکٹر قاسم فکتو جیسے قائدین دہائیوں سے قید میں ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ اور غیرجانبدار تحقیقات کرائے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور حالیہ فالس فلیگ آپریشنز پر وزیراعظم پاکستان نے واضح موقف اپنایا کہ پاکستان کو مورد الزام نہ ٹھہرایا جائے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا ہے اور آج کا پاکستان، نیا اور مضبوط پاکستان ہے۔