اسلام آباد، 01 اگست )اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری وزارتِ صنعت سیف انجم، سی ای او انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ اور پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
اجلاس میں امپورٹڈ اور مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کے معیار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ “عوام کی جانیں قیمتی ہیں اور ان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت امپورٹڈ اور لوکل گاڑیوں پر عالمی معیارات نافذ کرنے جا رہی ہے تاکہ گاڑیوں کا معیار بین الاقوامی سطح کے مطابق ہو۔ “یہی معیارات مقامی گاڑیوں پر بھی لاگو ہوں گے اور ان کا مقصد صرف انسانی جان کی حفاظت ہی نہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ بھی ہے،” انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ نئے معیارات کے مؤثر نفاذ کے لیے آٹوموٹو مینوفیکچررز اور انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ باہمی مشاورت سے کام کریں گے تاکہ اصلاحاتی عمل شفاف اور قابلِ عمل ہو۔