قصور،04 اگست (اے پی پی): یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر نجی اسکول میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کی جانب سے پولیس کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر شہداء کے خاندانوں ، غازیوں میں تحائف و دیگر سامان بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او عیسیٰ خاں سکھیرا نے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، یہ وہ مثالی کردار ہیں جن کے لئے اللہ نے فرمایا وہ زندہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 35 شہداء کی وجہ سے آج قصور کے شہری چین کی نیند سو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو قربانیاں شہداء نے ملک اور قوم کے لئے دیں انہیں تاقیامت یاد رکھا جائے گا اور ہمیں فخر ہے کہ ہم شہداء کے وارث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب نے پولیس کے شہداء کے لئے جو کام کئے وہ مثالی ہیں۔