وزیراعظم شہباز شریف کی چھوٹے کسانوں کو کم لاگت قرضوں کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کی ہدایت

18

‎اسلام آبا،5 اگست ( اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ترقیاتی بینک کی اصلاحات اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی میں آسانی کے حوالے سے ‎ جائزہ اجلاس  منعقد ہوا، جس میں زرعی شعبے کو درپیش مالی چیلنجز اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

‎اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے کے لیے کم رقبے والے کسانوں کو عزت و تکریم دینا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو کم لاگت قرضوں کے حصول میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے، اور ان مشکلات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

‎وزیراعظم نے ہدایت دی کہ زرعی ترقیاتی بینک کی بہتری کے لیے اصلاحات کا فوری نفاذ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھوٹے پیمانے پر کاشتکاری کرنے والے کسانوں کو آسان شرائط پر کم لاگت قرضے فراہم کرنے کے لیے نجی بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

‎وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ ہر تین ہفتے بعد زرعی ترقیاتی بینک کی کارکردگی اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق پیش رفت پر اجلاس کی خود صدارت کریں گے تاکہ اس عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔

‎اجلاس کے دوران شرکاء کو زرعی ترقیاتی بینک میں جاری اصلاحات، اس کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ نجی بینکوں کی جانب سے زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں قرضوں کے نظام میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔